اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت جنگی جنون کو ہوا دے کر خطے کے امن کو داﺅ پر نہ لگائے، وطن عزیز کے دفاع کے لئے مسلح افواج اور عوام پوری طرح تیار اور یکجان ہیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں جاری تشد د اور ظلم و ستم پر پردہ ڈالنے کے لیے ایسے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ جمعرات کو ایوان صدر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے سفارتی محاز پر کشمیر کے مسئلے کو بھر پور طریقے سے اٹھایا ہے جس سے بھارت کی سبکی ہوئی ہے اور اس کا مقبوضہ کشمیر میں اصل چہرہ سامنے آیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے اقوام متحدہ میں خطاب اور اس دورے میں کامیاب سفارت کاری کی وجہ سے بین الاقوامی طور پر پاکستان کو مثبت رد عمل ملا ہے جس سے بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا ہے۔