
اسلام آباد ۔08 مئی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے ملک کی تعمیر و ترقی اور افراد کار کی تیاری میں بنیادی اہمیت کے حامل ہیں، اس سلسلہ میں اساتذہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ طلباءکا کردار بہتر سے بہتر بنانے کےلئے کام کریں، تعلیمی معیار میں بہتری کےلئے قومی مقاصد کے تحت دنیا بھر میں کئے جانے والے تجربات سے استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات تنظیم اساتذہ پاکستان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ڈاکٹر میاں محمد اکرم کی قیادت میں پیر کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ اساتذہ کرام ملک میں نظام تعلیم اور معیار کی بہتری کےلئے اپنا مثبت کردار جاری رکھیں گے تاکہ علاقائی اور فرقہ وارانہ تعصبات پر قابو پایا جا سکے۔ نئے نصاب کی تشکیل کا مقصد ملک کے تمام صوبوں اور علاقوں کی مشترکات کو سمجھ کر پورے ملک کےلئے یکساں تعلیمی نصاب کی تیاری ہے، اس سلسلہ میں حکومت کی پالیسیاں درست سمت میں ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئے نصاب کی تیاری کا کام جلد مکمل ہو گا تاکہ پورے ملک کے بچے یکساں نصاب کے تحت تعلیم حاصل کر سکیں اور ملک میں ہم آہنگی اور بھائی چارے میں اضافہ ہو سکے۔