صدر مملکت ممنون حسین کی رومانیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایملین آئن سے ملاقات میں بات چیت

194

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور رومانیہ کے تعلقات باہمی احترام پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے خیالات میں بہت سے بین الاقوامی امور پر یکسانیت پائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بات رومانیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیر ایملین آئن سے منگل کو ملاقات کے دوران کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے تناظر میں رومانیہ کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کے باہمی تبادلوں کی مزید ضرورت ہے تاکہ موجودہ تعلقات کو آگے بڑھایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ تجارتی حجم صلاحیت سے کم ہے جس میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے تعلقات کی بہتری اور اضافے میں کوشش کرنے پر رومانیہ کے سفیر کے کردار کی تعریف کی۔ رومانیہ کے سبکدوش ہونے والے سفیرنے اپنے قیام کے دوران تعاون پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے توقع ظاہر کی کہ سفیر رومانیہ جا کر پاک ۔رومانیہ تعلقات کی مزید بہتری کے لئے بھی اسی جذبے سے کام کرتے رہیں گے۔