
اسلام آباد ۔ 24 جنوری (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ خواتین صنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر تجارتی سرگرمیوں میں حصہ لیں اور مسابقت کی فضاءمیں کام کریں تاکہ ان کے اعتماد میں اضافہ ہو۔ انہوں نے یہ بات منگل کو ایوان صدر میں شہلا جاوید اکرم کی سربراہی میں ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی جس میں ویمن چیمبر کی صدر شازیہ سلیمان بھی شامل تھیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو کاروبار کی زیادہ سے زیادہ مالی سہولتیں فراہم کرنے کےلئے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس کی خدمات حاصل کی جائیں تاکہ خواتین کو کاروبار کے مواقع مل سکیں۔ انہوں نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی کاروبار کیا جائے اس میں ایمانداری اور سچائی اختیار کی جائے کیونکہ اس کے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔ صدر مملکت نے کہا کہ تجارت اور کاروبار کی ترقی کےلئے ضروری ہے کہ سوسائٹی کو بدعنوانی سے پاک کیا جائے اور ایسے عناصر کو منظر عام پر لایا جائے تاکہ انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جا سکے۔