صدر مملکت نے بینکنگ محتسب کا پرائیویٹ بینکوں کو شکایت کنندگان کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ روپے کی رقم جمع کرانے کا فیصلہ برقراررکھا

113

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ محتسب کا پرائیویٹ بینکوں کو شکایت کنندگان کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ روپے کی رقم جمع کرانے کا فیصلہ برقراررکھا ہے ۔

ایوان صدر میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پرائیویٹ بینکوں نے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی كو درخواست دائر کر رکھی تھی۔

واضح رہے کہ نجمہ سلطانہ، زاہد شاہ اور طارق محمود چوہدری نامی شہریوں کے اکاؤنٹس سے دھوکہ دہی کے ذریعے 12 لاکھ روپے سے زیادہ کی رقم نکال لی گئی تھی کیونکہ شکایت کنندگان نے نوسر باز افراد کو ٹیلی فون پر اپنے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی تھیں۔

واضح رہے کہ شکایت کنندگان نے اپنے بینکس کی جانب سے آن لائن بینکنگ کی سہولت حاصل نہیں کر رکھی تھی۔ بلا اجازت اکاؤنٹس سے رقم ٹرانسفر کرنے پر بینکنگ محتسب نے پرائیویٹ بینکوں کو رقم واپس کرنے کا حکم دیا تھا اور اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ بینک صارفین کو اپنی مصنوعات کے بارے میں آگاہی اور تعلیم دینا بینکوں کی ذمےداری ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پرائیویٹ بینکوں کی جانب سے دی گئی درخواست پر کہا ہے کہ صارفین کی اجازت کے بغیر الیکٹرانک فنڈ ٹرانسفر کی سہولت فراہم کرنے کی وجہ سے رقم کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ بینک قانون پر عمل درآمد کے حوالے سے کوئی بھی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے ہیں۔اس طرح صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ محتسب کا پرائیویٹ بینکوں کو شکایت کنندگان کے اکاؤنٹ میں 12 لاکھ روپے کی رقم جمع کرانے کا فیصلہ برقراررکھا ہے