صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکہ میں پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان کی ملاقات

89
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے امریکہ میں پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان کی ملاقات

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ مختلف شعبوں بالخصوص تجارت اور معیشت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے،

ملک کے آئی ٹی سیکٹر میں بے پناہ صلاحیت ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ملک کے سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانے اور پاکستان کے آئی ٹی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات امریکہ میں پاکستان کے نامزد سفیر سردار مسعود خان سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ نامزد سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ حکومت جیو اکنامکس پر توجہ دے رہی ہے اور دو طرفہ تجارت اور امریکہ سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لئے تعاون کے مزید شعبوں کو تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ میں مقیم پاکستانی ملکی معیشت کے مختلف شعبوں بالخصوص آئی ٹی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے علاوہ دو طرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے ایک پل کا کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

صدر نے سفیر سے کہا کہ وہ بھارت کے اصل چہرے کو بے نقاب کریں جو بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے خلاف انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو امریکہ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر تعیناتی پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔