اسلام آباد۔11اکتوبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں بالخصوص تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مالدیپ میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر وائس ایڈمرل (ر) محمد فیاض گیلانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر خاص طور پر مالدیپ کے ساتھ تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری، عوام سے عوام کے رابطوں، صحت، تعلیم، دفاع، موسمیاتی تبدیلی ، سیاحت، انسانی وسائل کی ترقی کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں میں سٹریٹجک تعلقات قائم کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کی صنعت میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا اور کہا کہ مالدیپ عالمی معیار کا سیاحتی مقام ہے اور پاکستان اس کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے طلباء کو مختلف تعلیمی شعبوں میں مسابقتی اور اعلیٰ معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان کی فاصلاتی تعلیم اور ہائبرڈ لرننگ اور تعلیمی مہارت پیش کر سکتا ہے۔
صدر عارف علوی نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ خوشگوار تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ او آئی سی، سارک ، اقوام متحدہ اور دولت مشترکہ کے فریم ورک کے اندر تعاون کے فروغ کیلئے تمام دستیاب سفارتی طریقہ کار بشمول دو طرفہ سیاسی مشاورت ، مشترکہ اقتصادی کمیشن اور مشترکہ کاروباری کونسلوں کے درمیان دوطرفہ روابط کو بڑھانے کے لئے مؤثر طریقے سے استعمال کریں گے۔
صدر مملکت نے سفیر سے مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد صالح کو اپنی مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام پہنچانے کا بھی کہا۔