صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے نیدرلینڈ میں پاکستان کے نامزد سفیر سلجوق مستنصر تارڑ کی ملاقات

56

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان نیدرلینڈز کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور باہمی مفادکیلئے تجارت سمیت معیشت کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

وہ نیدرلینڈ میں پاکستان کے نامزد سفیر سلجوق مستنصر تارڑ سے بات چیت کر رہے تھے جنہوں نے بدھ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، نیدرلینڈ کے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے سرمایہ کار دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات ہیں، قابل تجدید توانائی ، زراعت ، واٹر مینجمنٹ کے شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کے لئے ڈچ کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

عالمی مارکیٹ میں پاکستانی آموں کی بڑھتی ہوئی مانگ کے پیش نظر انہوں نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ آم کی برآمدات میں اضافے کیلئے نیدرلینڈ میں آموں کے میلے کا اہتمام بھی کریں۔

صدر مملکت نے نامزد سفیر کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ نیدرلینڈ کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لئے اپنی خدمات کو احسن طریقے سے بروئے کار لائیں گے۔