صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم کی ملاقات

115
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں ملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم کی ملاقات

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے، دونوں برادر ممالک کے باہمی مفادات کیلئے تجارت ، ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے، ملائشیا کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں ملائیشیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر اکرام بن محمد ابراہیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا مختلف شعبوں میں بہترین تعلقات اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اتفاق رائے رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین زبردست خیر سگالی موجود ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دو طرفہ باہمی فوائد کے لئے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے زبردست مواقع اور سازگار ماحول موجود ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ متعدد ملائیشین میگا کمپنیاں پاکستانی مارکیٹ میں داخل ہو کر فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ صدر عارف علوی نے اس موقع پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے ظلم اور بربریت پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ غیر قانونی بھارتی مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے عوام کو ان کا جائز حق خود ارادیت دلانے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ صدر مملکت کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے پر ملائیشیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سبکدوش ہونے والے ملائیشین ہائی کمشنر کے کردار کو سراہا۔