صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیف آف ڈیفنس سٹاف وکمانڈر سری لنکن آرمی کی ملاقات

54
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیف آف ڈیفنس سٹاف وکمانڈر سری لنکن آرمی کی ملاقات
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیف آف ڈیفنس سٹاف وکمانڈر سری لنکن آرمی کی ملاقات

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین معاشی ، ثقافتی اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف وکمانڈر سری لنکن آرمی، جنرل شوندرا سلوا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے ، دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امور پر متفقہ رائے رکھتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین معاشی ، ثقافتی اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بدھ سیاحوں کے لئے ایک پرکشش منزل ہے ، سری لنکا کے لوگوں کو پاکستان میں مذہبی اور قدرتی مقامات کا دورہ کرنے کی ترغیب دی جائے۔

صدر عارف علوی نے چیف آف ڈیفنس اسٹاف وکمانڈر سری لنکن آرمی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے غیر قانونی بھارتی مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بھی اجاگر کیا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کرے۔

اس موقع پر سری لنکا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کا ایک قریبی اور عزیز دوست ملک ہے ، سری لنکا پاکستان کے ساتھ باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ دورہ سری لنکا سے دوطرفہ تعلقات کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے مشکل حالات میں سری لنکا کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔