
اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور یونان کے درمیان تجارت کو حقیقی صلاحیت تک بڑھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان اور یونان کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی روابط کے فروغ سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یونان میں پاکستان کے نامزد سفیر محمد عامر آفتاب قریشی سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ نامزد سفیر پاکستان اور یونان کے مابین تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے کام کریں، پاک ۔یونان تجارت کو حقیقی صلاحیت تک بڑھانے کی ضرورت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ روایتی شعبوں کے علاوہ تعاون کے نئے شعبوں کی نشاندہی کی جانی چاہئے، پاکستان اور یونان کے چیمبرز آف کامرس کے درمیان قریبی روابط کے فروغ سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نامزد سفیر یونان کے بہترین سیاحتی طریقوں کو مثال بنائیں ، نامزد سفیر یونان اور پاکستان کی سیاحتی صنعتوں کے درمیان روابط پیدا کرنے کی کوشش کریں ۔
صدر مملکت نے کہا کہ یونان میں پاکستان کے سفیر پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ مستقل رابطہ رکھیں ، کونسلر خدمات کے سلسلے میں ان کے مسائل حل کریں، نامزد سفیر پاکستان میں نادرا اور پاسپورٹ آفس کے ساتھ قریبی روابط پیدا کریں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کم ترقی یافتہ ممالک سے غیر رسمی امیگریشن روکنے کے لئے اربوں ڈالر خرچ کر رہے ہیں، ہجرت اور نقل و حرکت پر پاکستان اور یورپی یونین کے ڈائیلاگ سے یورپی یونین کے ممالک میں قانونی ہجرت کی نئی راہیں کھلیں گی۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مہمان نوازی کو فروغ دے کر یونان میں پاکستان کے بارے میں تاثر بہتر بنانے کی کوششیں کی جانی چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کو بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں مقبوضہ جموں و کشمیر میں ظلم و بربریت کا سامنا ہے، بھارت میں اقلیتوں کو ہندو اکثریتی آبادی کی طرف سے مسلسل ظلم و ستم کا سامنا ہے، بھارتی اقلیتوں کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہے اور عزت و ابرو کو پامال کیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو یونان میں سفیر کے طور پر تقرری پر مبارکباد دی ۔