صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سری لنکا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل رویندرا چندرا سری وجیگونارتنے کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا

78
APP28-13 ISLAMABAD: February 13 - President Dr. Arif Alvi conferring Nishan-i-Imtiaz (Military) upon Admiral Ravindra Chandrasiri Wijegunaratne Chief of Defence Staff Sri Lankan Armed Forces at the Aiwan-e-Sadr. APP

اسلام آباد ۔ 13 فروری (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سری لنکا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل رویندرا چندرا سری وجیگونارتنے کو نشان امتیاز (ملٹری) عطا کیا۔ اس سلسلے میں ایوان صدر اسلام آباد میں بدھ کو خصوصی تقریب منعقد ہوئی۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نشان امتیاز (ملٹری) اور اعلیٰ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ بعد ازاں ایڈمرل رویندرا چندرا سری وجیگونارتنے نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور یہ تعلقات وقت کے آزمودہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات باہمی احترام، مفاہمت اور قریبی تعاون پر مبنی رہے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کو ایک اہم علاقائی ملک سمجھتا ہے جو علاقائی اور عالمی امن کے لئے اہم کردار کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع کے شعبہ میں ہمہ جہتی تعلقات میں اہمیت کے حامل ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کی مسلح افواج کا شراکت دار ہونے کے ناطے اپنے اداروں میں بڑی تعداد میں آسامیاں فراہم کرنے اور ان کی استعداد بڑھانے کے لئے کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے امن 2019ءمشقوں میں سری لنکا کی بحریہ کی بطور مبصر اور اثاثوں کے ساتھ شرکت کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ گوادر، کراچی، کولمبو اور ہمبن طوطہ کے مستقبل میں رابطوں سے علاقائی روابط میں اضافہ یقینی ہو سکے گا اور اس سے بے مثال اقتصادی سرگرمیاں وقوع پذیر ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بدھا تہذیب و ثقافت کا گھر ہے اور حکومت سری لنکا کے ساتھ سیاحتی تعاون اور ثقافت کے فروغ کے لئے کئی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سری لنکا کی مسلح افواج کے چیف آف ڈیفنس سٹاف ایڈمرل رویندرا چندرا سری وجیگونارتنے نے صدر مملکت اور حکومت پاکستان کی جانب سے نشان امتیاز (ملٹری) عطا کئے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔