صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی ٹیکس محتسب کے حکم کے خلاف ایف بی آر کی درخواست مسترد کر دی، ایف بی آر کو اطلاع کنندہ کی شناخت لیک ہونے پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

102
President Dr. Arif Alvi
President Dr. Arif Alvi

اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی ٹیکس محتسب کے حکم کے خلاف ایف بی آر کی درخواست مسترد کرتےہوئے ایف بی آر کو اطلاع کنندہ کی شناخت لیک ہونے پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق نجی کمپنی کے اکاؤنٹنٹ نے کمپنی کی جانب سے مبینہ ٹیکس فراڈ کی معلومات ایف بی آر کو دی تھی، اطلاع کنندہ کی معلومات کمپنی کے مالک کو لیک کردی گئی جس پر ملازم کو دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔

صدر مملکت نے کہا کہ ایف بی آر وضاحت کرے کہ وہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والی کمپنی سے سیلز ٹیکس کی وصولی کیلئے فراہم کردہ معلومات کو مکمل طور پر کیوں استعمال نہ کرسکا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے وفاقی ٹیکس محتسب کے حکم کے خلاف ایف بی آر کی درخواست مسترد کردی اور کہا کہ ایف بی آر اپنے متعلقہ اسیسمنٹ آرڈر پر نظرثانی کرے۔

صدر مملکت نے ہدایت کی کہ ایف بی آر اطلاع کنندہ کو سماعت کا موقع فراہم کرے اور فراہم کردہ معلومات کو مکمل طور پر استعمال کرے۔ صدر نے کمپنی کی جانب سے مختلف مبینہ مالی بے ضابطگیوں کے بارے میں معلومات کا مکمل فائدہ نہ اٹھانے پر ایف بی آر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اطلاع کنندہی کے تصور اور اس حوالے سے قانون سازی کے سخت خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ معلومات سے فائدہ اٹھانے کے بجائے ایف بی آر نے بہت سست روی کا مظاہرہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق محمد الیاس ناردرن ٹولنگز پرائیویٹ لمیٹڈ میں اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کررہے تھے، انہوں نے ایف بی آر کو خبر دی کہ کمپنی مختلف مالی بے ضابطگیوں میں ملوث ہے۔ بڑے پیمانے پر ٹیکس چوری/دھوکہ دہی کی اطلاع پر شہری کو اطلاع کنندہ کے طور پر رجسٹر کیا گیا۔ ایف بی آر نے کمپنی کے خلاف کارروائی شروع کی اور 1.5 کروڑ روپے کی وصولی کی، وصول شدہ رقم فراہم کردہ معلومات صحیح طریقے سے استعمال نہ کرنے کی وجہ سے بہت کم تھی۔

سی ٹی او لاہور کے عملے نے ٹیکس چوری کرنے والی کمپنی کے مالک کو اطلاع کنندہ کی شناخت بھی ظاہر کی جس پر کمپنی نے اکاؤنٹنٹ کو پولیس اور دیگر کارروائیوں سے دھمکیاں دیں۔ شکایت کنندہ نے وفاقی ٹیکس محتسب کو شکایت کی جس نے ملازم کو سماعت کا موقع فراہم کرنے کی ہدایت کی تاہم ایف بی آر نے فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو درخواست دائر کی جسے صدر نے مسترد کردیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ٹیکس محتسب کا حکم محض ایف بی آر کے فرض کا اعادہ ہے کہ معلومات مکمل طور پر استعمال کی جائیں، ایف بی آر چوری شدہ سیلز ٹیکس کی رقم کی وصولی کیلئے دوبارہ کارروائی کرے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ایف بی آر کو معاملے پر ٹیکس محتسب کو 60 دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی اضافی ہدایت بھی کی ہے