صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں 9 اپریل بروز اتوار صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا اعلان کر دیا

255

اسلام آباد۔20فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں 9 اپریل بروز اتوار کو صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کا اعلان کر دیا۔ پیر کو ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن (1)57 کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی صوبائی اسمبلیوں کیلئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا ہے۔ صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایکٹ کے سیکشن (2)57 کے تحت الیکشن کا پروگرام جاری کیا جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے آئین کے تحت آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف اٹھایا ہے چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم امتناع نہیں ہے، لہٰذا سیکشن (1)57 کے تحت صدر کے اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، اس لئے آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اپنا آئینی اور قانونی فرض ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔

صدر مملکت نے کہا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا ہ کے گورنرز صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر اندر الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے ، الیکشن کمیشن آف پاکستان بھی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کرانے کی اپنی آئینی ذمہ داری پوری نہیں کر رہا، اس طرز عمل سے تاخیر اور آئینی شقوں کی خلاف ورزی کا سنگین خطرہ پیدا ہو رہا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن پہلے ہی آئینی عہدیداروں کے نام اپنے مختلف خطوط میں انتخابات کی ممکنہ تاریخوں کا اشارہ دے چکا ہے ، ان خطوط میں نوے دن کے اندر انتخابات کرانے کی الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کے عام انتخابات کی تاریخ کے اعلان کیلئے الیکشن کمیشن سے مشاورت کا سنجیدہ عمل شروع کیا لیکن الیکشن کمیشن نے اس موضوع پر ہونے والے اجلاس میں شرکت سے معذرت کر دی ہے ، اس لئے صدر مملکت کے طور پر سیکشن (1)57 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 9 اپریل 2023 (اتوار) کی تاریخ کا اعلان کر رہا ہوں۔