اسلام آباد ۔ 14ستمبر (اے پی پی) پارلیمنٹ کے دونوں ایوان کامشترکہ اجلاس پیر شام 4 بجے ہو گا جس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کریں گے۔ قومی اسملبی سیکرٹریٹ نے صدارتی خطاب کے موقع پر تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس موقع پر خصوصی دعوت نامے کے بغیر کسی کو بھی پارلیمنٹ کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔ پارلیمنٹ کے داخلی راستے اور گردو ونواح میں سخت ترین حفاظتی اقدامات کئے جائیں گے۔ اجلاس سے قبل تمام پارلیمانی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاس منعقد ہوں گے جن میں صدارتی خطاب کے موقع پر پارلیمانی جماعتیں اپنی اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گی۔ واضح رہے کہ 25 جولائی کو عام انتخابات کے نتیجہ میں منتخب ہونے والی قومی اسمبلی سے صدر مملکت کا یہ پہلا خطاب ہو گا جس کے بعد موجودہ قومی اسملبی کے پارلیمانی سال کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔