صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہی گل شیر کے والد سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس

153
President Dr. Arif Alvi
President Dr. Arif Alvi

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنوں میں آئی ای ڈی دھماکے میں شہید ہونے والے سپاہی گل شیر کے والد سے ٹیلی فون پر اظہار افسوس کیا ہے۔

بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ٹیلیفونک رابطے میں سپاہی گل شیر شہید کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی اور وطن کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کرنے پر شہید کو خراج ِ عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے شہید کے لئے بلندی درجات اور ان کے اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی ۔

گفتگو کے دوران شہید کے والد نے صدر مملکت کو شہید گل شیر کے جذبہ شہادت کے بارے میں بتایا اور وطن عزیز کی خاطر قربان ہو جانے کے اپنے اور اپنے خاندان کے عزم کا اعادہ کیا۔صدر مملکت نے شہید کے خاندان اور شہید کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا۔صدرمملکت نے قوم کی جانب سے شہید کے خاندان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔