صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا ازبک سفیر فرکت سیدیکوف سے ملاقات میں اظہار

152
APP30-04 ISLAMABAD: March 04 - President Dr. Arif Alvi talking to Ambassador of Uzbekistan Furkat Sidikov, who called on him. APP

اسلام آباد ۔ 4 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی اور معاشی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ عقیدے ، ثقافت اور ورثہ پر مبنی پاک۔ازبک قریبی دوستانہ اور بردرانہ تعلقات کو باالخصوص سیاحت، صنعت، زراعت، توانائی، تعلیم، اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانا ہو گا۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں ازبکستان کے سفیر فرکت سیدیکوف سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر نے کہاکہ پاکستان اور ازبکستان کے مابین گہرے تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برسوں سے باہمی تجارت میں قابل تحسین اضافہ ہوا ہے تاہم آنے والے برسوں میں اس حجم میں مزید اضافہ کے لئے مشترکہ کوششیں کرنا ہوںگی۔ انہوں نے کہاکہ ازبکستان کی شاندار سالانہ اقتصادی نمو اور توانائی وسائل جبکہ پاکستان کی بڑی صنعتی اور زرعی بنیاد دو طرفہ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔ صدر نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان مذہبی اور ثقافتی سیاحت کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ دونوں ممالک کے شہریوںکو ویزہ میں سہولت دے کر اس سے بھر پور استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان آئندہ 5 برسوں میں ازبکستان سمیت اپنے علاقائی ہمسائیوں کے ساتھ وسیع تر ریل اور شاہراتی رابطوں، تیل و گیس پائپ لائن کی تعمیر اور بجلی کی ٹرانسمیشن لائنیں بچھانے پر توجہ مرکوز کرے گاْ۔ انہوں نے اس امر کو اجاگر کیاکہ قومی شاہراتی اور ریل نیٹ ورک کے ساتھ گوادر کی بندر گاہ خطے میں ازبکستان کو آسان ترین سمندری راستہ فراہم کرے گی۔ انہوں نے پاکستان، افغانستان اور ازبکستان کے درمیان ریل رابطے کے بارے میں ازبکستان کی تجویز کو سراہتے ہوئے دسمبر 2018ء میں پہلی ایکسپرٹ میٹنگ کی میزبانی کا خیرمقدم کیا۔ صدر عارف علوی نے علاقائی امن وسلامتی خاص طورپر افغانستان میں مصالحتی کوششوں پر ازبکستان کے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کے لئے تمام فریقین کے درمیان امن مذاکرات کی بھرپور حمایت اور حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل کے لئے پاکستان کے کامیاب انتخاب کے حوالے سے ازبکستان کی حمایت کو بھی سراہا۔ ازبکستان کے سفیر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان افغانستان کے معاملے پر پاکستان کے نکتہ نظر کی تعریف کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط بڑھانے کی بہت گنجائش ہے اور ہم اس ضمن میں بھرپور کاوشیں بروئے کار لائیں گے۔