سکردو۔ 8 اگست (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کے دوران سمارٹ لاک ڈاﺅن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں،وبا کے دوران قوم نے منظم ہونے کا ثبوت دیا،گلگت بلتستان کے پھلوں کی برآمد کے لئے طریقہ کار وضع کریں گے۔ہفتہ کوصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلتستان یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وبا کے دوران پاکستانی قوم نے ایک منظم قوم ہونے کا ثبوت دیا،قومی سطح پر نظم و ضبط کی وجہ سے ہم نے اس وبا پر بہت حد تک قابو پالیا ہے،پاکستان میں حکومت کی اسمارٹ لاک ڈاو¿ن پالیسی کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومتی ویژن کے باعث اب دوسرے ممالک ہمارے تجربے سے سیکھنا چاہتے ہیں،مشکل حالات کے باوجود معاشی حالات میں بہتری آرہی ہے،کویڈ-19 کے باوجود حکومتی پالسیوں کے باعث ملک میں سٹاک ایکسچینج 40 ہزار کی حد عبور کر گیا،پچھلے سالوں کی نسبت تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہوا۔صدر عارف علوی نے کہا کہ لاک ڈاون سے متاثرہ ایک کروڑ 69 لاکھ خاندانوں میں 200 ارب روپے سے زائد رقم تقسیم کی،گلگت بلتستان میں سیاحت اور معدنیات کے شعبوں میں ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں۔مذہبی سیاحت کے فروغ سے صوبے کی معیشت میں بہتری آ سکتی ہے۔صدر عارف علوی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے پھلوں کو باہر کے ملکوں میں متعارف کرانے کے لئے نظام وضع کریں گے،صدر نے بلتستان یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات، والدین اور استاتذہ کو مبارک باد دی۔صدر مملکت نے طلباء و طالبات میں اسناد اور گولڈ میڈل بھی تقسیم کئے۔وائس چانسلر ڈاکٹر محمد نعیم نے کہا کہ کورونا وبا میں یونیورسٹی نے ای لرننگ متعارف کرکے تدریسی عمل کو جاری رکھا۔گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقپون، سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی حاجی فدا محمد ناشاد، نگراں مشیر خزانہ وقار عباس سمیت اعلی حکام، طلبہ، والدین اور یونیورسٹی فیکلٹی کے ارکان موجود تھے۔