بھوربن۔ 21 ستمبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ڈاکٹروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے مریضوں کے ساتھ شفقت اور ہمدردی کا سلوک اور معالج کی حیثیت سے علاج کے ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور صحت کی نگہداشت پر زیادہ توجہ مرکوز کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز بھوربن میں ساتویں انٹرنیشنل آرتھوڈونٹک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس کا اہتمام پاکستان ایسوسی ایشن آف آرتھوڈونٹسٹس(پی اے او) نے کیا تھا جس میں بیرونی ممالک اور ملک بھر سے آرتھوڈونٹسٹس نے شرکت کی۔کانفرنس کے شرکاءنے اس شعبے بالخصوص مصنوعی ذہانت میں نئے رجحانات اور طریقوں پر توجہ مرکوز کی۔صدر مملکت نے کہا کہ علاج معالجہ بیماریوں کی روک تھام اور احتیاطی تدابیر سے نسبتاً زیادہ مہنگا ہوتا ہے، اس مقصد کو عوامی آگاہی اور سٹیک ہولڈرز کے ساتھ اشتراک سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ صدر مملکت جو ایسوسی ایشن کے بانی صدر بھی رہ چکے ہیں، نے کانفرنس کے شرکاءکو بتایا کہ مصنوعی ذہانت نے تشخیصی صلاحیتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے ڈاکٹروں کے معالج کے طور پرکردار کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے، اس کے علاوہ دندان سازی کی تعلیم کا معیار بھی بہتر ہوا ہے۔ صحت عامہ میں دندان ساز کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے ڈاکٹروں پر زور دیا کہ وہ لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے عوام میں آگاہی پھیلائیں۔