اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپن وام، شمالی وزیرستان میں حملے کے شہداء کے لواحقین سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہارِ کیا ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے 26 فروری کو شمالی وزیرستان میں جام شہادت نوش کرنے والے سپاہی افضل خان کے والد اور سپاہی عمران اللہ کے بھائی سے فون پر اظہارِ تعزیت کیا۔
انہوں نے شہداء کو ان کی بہادری اور قوم کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہداء کے بلندی درجات اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ صدر مملکت نے پوری قوم کی جانب سے شہداء کے خاندان کا شکریہ بھی ادا کیا۔