صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا نجی ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال

69

اسلام آباد ۔ 15 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کسی کو بھی استثنیٰ نہیں ملنا چاہےے،میں نے اپنے اوپر مقدمات پر عدالت میں صدارتی استثنیٰ نہیں مانگا، احتساب کا کام نیب کا ہے اور نیب ہی یہ کام کرے گا ، خواتین کو وراثت میں حق نہ دینا اسلامی احکامات کی بھی خلاف ورزی ہے، ناموس رسالت ﷺ پر ہم سب اپنی جانیں قربان کرنے کو تیار ہیں،میں چاہتا ہوں ایوان صدر لوگوں کے لیے کھولا جائے، میری اہلیہ یتیم بچوں کے ساتھ ایوان صدر میں میلاد شریف کا اہتمام بھی کریں گی، ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ لائن میں کھڑے رہنے کا کہتا رہا ہوں اب خود کیوں خلاف ورزی کروں گا، ہم تو وہ لوگ ہیں جو رکشے میں سفر کر لیتے تھے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ سکیورٹی کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جو تحریک چلائی اس کی کامیابی کے لیے مزید دعائیں درکار ہیں تاکہ ہم اپنے مقصد کے حصول میں کامیاب ہوں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کر سکیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان تعاون نہ ہونے کی وجہ کرپشن کے کیسز ہیں، کرپشن کیسز میں مک مکا کی کیفیت نہیں ہونی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ قانون سازی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور عورتوں کی وراثت کے حوالے سے بڑا اہم بل آ رہا ہے جس میں خواتین کو ان کا وراثتی حق ضرور ملے گا اور نادرا کے (ب) فارم کے اعتبار سے تمام ورثا کو فوری طور پر سرٹیفکیٹ جاری ہو جائے گا۔