30.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم دفاع وشہدا کے موقع پرقوم...

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم دفاع وشہدا کے موقع پرقوم کے نام پیغام

- Advertisement -

اسلام آباد6 ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے لئے پر عزم ہے اور پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے لیکن امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے، ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں، ہماری مسلح افواج کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے اور بیرونی یا اندرونی محاذ پر ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ 6 ستمبر کو یوم دفاع وشہدا ،2022 کے موقع پرقوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا یوم دفاع وشہدا ہمیں اس بے مثال جرات اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ آج سے 57 سال قبل ہماری مسلح افواج اور قوم نے جارح دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا کر کیا تھا۔

آزمائش کی اس گھڑی میں نہ صرف افواج پاکستان نے بری ، بحری اور فضائی جنگ بے خوفی سے لڑی بلکہ قوم کا ہر شہری مادر وطن کی حفاظت کے لیے اٹھ کھڑا ہوا۔ اس طرح 6 ستمبر ہماری تاریخ میں غیر متزلزل عزم ، جذ بہ حب الوطنی ، اعلی پیشہ ورانہ مہارت اور عظیم قربانی کی وہ روشن علامت ہے جس کی یاد رکھتے ہوۓ ہماری آنے والی نسلیں دفاع وطن کو اپنی جان سے زیادہ مقدم رکھنے کے عزم کو جلا بخشتی رہیں گی۔

- Advertisement -

صدر مملکت نے کہا کہ ان شہداء کوسلام عقیدت پیش کرتا ہوں جنہوں نے دفاع وطن کی خاطر اپنی جانوں کی قربانی پیش کی ۔ میں شہداء کے لواحقین اور پیاروں کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی پیش کرنے کی عظیم مثال قائم کی ۔ انہوں نے کہا کہ میں جری غازیوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو سرز مین پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کرتے ہوئے بہادری سے لڑے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے اسی جذ بہ کو بروئے کار لاتے ہوئے وطن عزیز پر آنے والی ہر آزمائش کا مقابلہ کیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی طرف سے مسلط کی گئی جنگ ہو یا کوئی قدرتی آفت افواج پاکستان کے افسر ان اور سپاہی ہمیشہ ملک وقوم کی ڈھال بن کر کھڑے ہو گئے ۔ دہشت گردی کے خلاف دو دہائیوں پر محیط جنگ میں پاکستان کی کامیابی اور دنیا بھر میں امن مشنز میں پاکستان کی مسلح افواج کا نمایاں کردار ہم سب کے لیےقابل فخر ہے اور عالمی برادری بھی اس کردار کا بجاطور پر اعتراف کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی اور علاقائی امن کے لیے پر عزم ہے اور پرامن بقائے باہمی کی پالیسی پرعمل پیرا ہے لیکن اس کے ساتھ ہی میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری ہرگز نہ سمجھا جائے ۔ ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں ۔ صدر نے کہا کہ میں ہندوستان پر زور دیتا ہوں کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کی اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو پورا کرے اورخاص طور پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے کشمیر کے دیرینہ مسئلے کوحل کرے ۔

کشمیر 1947 کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے ۔ اس کے حل ہی میں کشمیریوں کے مسائل اور مصائب کا خاتمہ اور خطے میں پائیدارامن کا قیام ممکن ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کا سپریم کمانڈر ہونے کے ناطے میرے لیے یہ بات انتہائی فخر اور اطمینان کا باعث ہے کہ قوم کواپنی مسلح افواج اور سیکورٹی ایجنسیوں کی صلاحیت ،عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاریوں پرمکمل اعتماد اور بھروسہ ہے ۔ہماری مسلح افواج کسی بھی قسم کے حالات سے نمٹنے اور بیرونی یا اندرونی محاذ پر کسی بھی قسم کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔

میں قومی تعمیر وترقی کی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ سیلاب یا دیگر قدرتی آفات میں ہزاروں لوگوں کی زندگیاں بچانے میں ان کے مثالی کردار کو سراہتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میں ایک بار پھر قوم کے ان بہادر بیٹوں اور بیٹیوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج ہم یہ عہد کر یں کہ جذ بہ ستمبر کو اپنے دلوں میں زندہ رکھتے ہوئے پاکستان کی حفاظت کے ساتھ ساتھ قوم کے خوشحال مستقبل کے لئے بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=325703

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں