اسلام آباد ۔ 19 مارچ (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ 20 مارچ کو منہ کی صحت کا عالمی دن منانا ہمیں اس بات کی یاد دہانی کراتا ہے کہ دانتوں کی اچھی صحت بہتر انسانی صحت کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت محمدۖ نے صفائی ستھرائی پر زور دیا ہے اور اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ دانتوں کی صفائی کرنا سنت نبویۖ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ ہم دن میں کئی مرتبہ اپنے دانتوں کی صفائی کریں تاکہ موذی بیکٹریا اور دانتوں کی بیماریوں سے بچ سکیں۔ اس دن کے موقع پر انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ بہتر صحت کیلئے اپنے دانتوں کو صاف رکھیں۔ ایک ماہر دندان ساز ہونے کے ناطے صدر مملکت نے کئی ورلڈ ڈینٹل فیڈریشن (ایف ڈی آئی) کمیٹیوں میں فرائض سرانجام دیئے اور 2007ء سے 2013ء تک ایف ڈی آئی کونسل کے رکن رہے۔ ایف ڈی آئی کے رکن کے طور پر ڈاکٹر عارف علوی نے 20 مارچ کو منہ کی صحت کا عالمی دن منانے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے، آج منہ کی صحت کا عالمی دن اپنی نوعیت کا سب سے بڑی عالمی آگاہی مہم ہے کیونکہ اس کا تعلق عوام، ماہرین اور پالیسی سازوں جنہوں نے منہ کی بیماریوں کے خاتمہ کیلئے عالمی سطح پر کردار ادا کیا ہے۔ صدر نے کہا کہ صحت کے مجموعی نقطہ نظر کے طور پر وہ منہ کی صحت کو مجموعی صحت کا ایک لازمی عنصر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے صحت کیلئے زیادہ سے زیادہ دیکھ بھال کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ منہ کی بیماریوں کی روک تھام میں خرچ کئے جانے والے ایک ڈالر سے سینکڑوں افراد کو منہ کی بیماریوں سے بچایا جا سکتا ہے۔ صدر نے منہ کی صحت کو قومی ترجیح دینے خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کے عوام کی منہ کی صحت کو بہتر بنانا چاہئے۔