اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ، ملتان میں مارچ 2017ء سے سینیٹ کا اجلاس منعقد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹ ارکان کی تعیناتی میں مزید کوئی تاخیر نہ برتی جائے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو این ایف سی انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ، ملتان پر بریفنگ کے دوران کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری وفاقی تعلیم ناہید درانی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر علی ملک نے شرکت کی۔
صدر مملکت نے کہا کہ یونیورسٹی اپنی سینیٹ کےممبران کی تعیناتی کے عمل کو تیز کرے ، ادارے کی سینیٹ کا اجلاس جلد از جلد منعقد کیا جائے ۔ مارچ 2017ء سے سینیٹ کا اجلاس منعقد نہ ہونے پر صدر مملکت نے برہمی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ ارکان کی تعیناتی میں مزید کوئی تاخیر نہ برتی جائے ، سینیٹ کا ادارے میں گڈ گورننس یقینی بنانے میں اہم کردار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ سے بہترین لوگوں کو سینیٹ کا ممبر تعینات کیا جائے ۔ صدر مملکت نے گریجویٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے ہائبرڈ ذریعہ تعلیم پر توجہ دینے پر بھی زور دیا۔