35.5 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت معذوری کی درجہ بندی...

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت معذوری کی درجہ بندی کے فریم ورک پر اجلاس

- Advertisement -

اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کی مالی خود مختاری کیلئے سرکاری اور نجی شعبے میں ملازمتوں کے کوٹے پر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے کوٹے کو اس کی اصل روح کے مطابق لاگو کیا جانا چاہئے۔

ایوان صدر کے پریس ونگ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے معذوری کی درجہ بندی کے فریم ورک پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزارت انسانی حقوق اور حکومت پاکستان کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ صدر نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً 12سے 14 فیصد آبادی کسی نہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہے ، خصوصی افراد کی خودمختاری کیلئے روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کے کوٹے کو اس کی اصل روح کے مطابق لاگو کیا جانا چاہیے، بینک، کاروباری ادارے اور نجی شعبہ خصوصی افراد کو ملازمتیں دے۔ صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کو ہنر اور معذوری کی نوعیت کے مطابق نوکریاں دی جائیں، پاکستان میں خصوصی افراد کو ہنر پر مبنی تعلیم فراہم کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو قابل قدر ہنر کی فراہمی کیلئے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی روابط پیدا کرنے کی ضرورت ہے، تربیتی اور متعلقہ سرکاری اداروں کو خصوصی افراد کی تربیت کیلئے کوششیں تیز کرنی چاہیے، خصوصی افراد کو مناسب نوکریوں کی فراہمی کیلئے نجی شعبے کے ممکنہ آجروں سے ملانا چاہیے۔

صدر مملکت نے فوری، آسان اور پریشانی سے پاک انداز میں معذوری سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ سرٹیفکیٹ سے خصوصی افراد کو مختلف حکومتی اسکیموں اور سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔ اجلاس میں وزارت انسانی حقوق کے حکام کی جانب سے خصوصی افراد پر بریفنگ بھی دی گئی جس میں بتایا گیا کہ وفاقی وزارتوں میں معذوری کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے کام کیا جارہا ہے ،

خصوصی افراد کے کوٹے پر سرکاری شعبے میں عمل کیا جارہا ہے۔ صدر نے کہا کہ نجی شعبے میں کوٹے پر مزید عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے کوششیں جاری ہیں، خصوصی افراد کو ان کی معذوری اور آجروں کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنے کے پروگرام پر کام کیا جارہا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=362028

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں