اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کیلئے خدمات اور قربانی پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم کی جانب سے ان کے خاندانوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاک فوج کے شہدا کے لواحقین سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئےکیا۔
انہوں نے شہدا اور ان کے خاندانوں کے جذبہ ایثار پر انہیں سلام پیش کیا۔ صدر مملکت نے شہدا کی وطن کیلئے خدمات اور قربانی پر خراج عقیدت پیش کیا۔صدر نے 9 جون کو میران شاہ میں شہید ہونے والے جوانوں کے ورثا سے فون پر بات کی۔
صدر مملکت نے صوبیدار اصغر ، سپاہی نسیم شہید اورمحمد زمان شہید کے لواحقین سے گفتگو کی۔ صدر مملکت نے 31 مئی کو حیدر خیل میں شہید ہونے والے سپاہی ثاقب الرحمٰن کے ورثا سے بھی بات کی۔ صدر مملکت نے قوم کی جانب سے شہدا کے خاندانوں کا شکریہ ادا کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے شہدا کیلئے بلندی درجات کی بھی دعا کی۔ انہوں نے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور ان کے صبر جمیل کی دعا کی۔