
کراچی ۔ 23 نومبر (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ کراچی کا امن قومی ترقی اور استحکام کی ضمانت ہے اس لئے بدامنی کے خلاف کارروائی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور مجرموں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے یہ ہدایت ڈائریکٹر جنرل رینجرز میجر جنرل بلال اکبر سے بدھ کو بات چیت کرتے ہوئے دی جنہوں نے صدارتی کیمپ آفس کراچی میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے انہیں ہدایت کی کہ کراچی کے شہریوں کو احساس تحفظ دینے کےلئے مجرموں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہی واحد حل ہے۔ انہوں نے شہر میں امن کی بحالی کےلئے رینجرز کی خدمات کی تعریف کی اور کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں اور جوانوں نے امن قائم کرنے کےلئے گرانقدر قربانیاں دی ہیں جس پر قوم ان پر فخر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معیشت کے استحکام کے مقصد کا حصول بدامنی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمہ سے ہی ممکن ہے جس کےلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔ اس موقع میجر جنرل بلال اکبر نے صدر مملکت کو شہر کی صورتحال اور بدامنی کے خلاف کارروائیوں کی تفصیل سے آگاہ گیا۔