
اسلام آباد ۔ 30 اگست (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف دنیا کی توجہ مبذول کرانے کےلئے موثر سفارتکاری کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطہ میں امن کبھی حقیقت نہیں بن سکتا۔ انہوں نے بات وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی اور وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر محمد فاروق حیدر خان سے گفتگوکرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ایوان صدر میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔ صدر مملکت نے راجہ محمد فاروق حیدر خان کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں عوامی نمائندے لوگوں کی بے لوث خدمت کریں گے۔ صدر مملکت نے آزاد کشمیر میں الیکشن کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی ترجیح لوگوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنا ہونی چاہئے تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔ اس سلسلہ میں تمام عوامی منصوبوں میں شفافیت کا معیار بہتر کرنا ضروری ہے۔