اسلام آباد۔2فروری (اے پی پی):صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جعفر خان مندوخیل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کا صدر مقرر کر دیا ہے۔ جعفر خان مندو خیل کو قائد پاکستان مسلم لیگ(ن) میاں محمد نواز شریف نے پارٹی کی مشاورت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کا صدر نامزد کیا تھا ۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جعفر خان مندو خیل نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی۔
وزیراعظم نے جعفر خان مندو خیل کو نئی ذمہ داری پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جعفر مندو خیل بلوچستان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو اچھی طرح منظم کریں گے اور پارٹی کے امور کو بہتر طریقے سے سر انجام دیں گے۔ ملاقات میں سابق وزیراعظم اور رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین بھی موجود تھے۔