
اسلام آباد۔4مارچ (اے پی پی):صدر ڈاکٹر عارف علوی نے سستے اور جلد انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب کے دائرہ کار کووسعت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اداروں کی بد انتظامی کے خلاف شکایات کے موثر ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاقی محتسب سید طاہر شہباز سے ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر وفاقی محتسب نے صدر کو سالانہ رپورٹ 2020 پیش کی،رپورٹ میں بتایاگیاہے کہ صدر مملکت کی ہدایات پر شروع کی جانے والی آگاہی مہم کے باعث وفاقی محتسب کوریکارڈ آن لائن شکایات موصول ہوئیں۔
وفاقی محتسب کو 130,112 شکایات موصول ؛وئیں۔ وفاقی محتسب نے 2020 میں 133,521 شکایات نمٹائیں 70,311شکایات پر ریلیف دیا گیاجوکہ نمٹائی گئی شکایت کا 50فیصد ہے۔ 2019 کی نسبت سات گنا زیادہ آن لائن شکایات موصول ہوئی ہیں۔وفاقی محتسب کو 2019میں 11,289 شکایات آن لائن جبکہ2020میں 77,930شکایات آن لائن موصول ہوئی ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایاگیاہے کہ کووڈ 19 کے باوجود ریکارڈ شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ سرکاری اداروں کی بد انتظامی کے خلاف شکایات کے موثر ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنائیں،سرکاری اداروں کی بد انتظامی کے خلاف سستے اور جلد انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب اپنا دائرہ کار وسیع بنائے، انہوں نے کہاکہ عوام کو انکی دہلیز پرفوری ا اور سستے انصاف کی فراہمی کیلئے شکایات کے موثر ازالہ کانظام اپنانا ہوگا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سالانہ رپورٹ کی بر وقت تکمیل اور لوگوں کو سستا اور فوری انصاف کی فراہمی کیلئے وفاقی محتسب کی کوششوں کو سراہا۔