اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور سابق صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کے انتقال پر شاہی خاندان، عوام اور متحدہ عرب امارات کی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے سابق صدر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی وفات پر پاکستانی عوام کو بہت دکھ ہوا ہے کیونکہ وہ پاکستان کے سچے اور مخلص دوست تھے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے سابق صدر کی وفات دونوں ممالک کے لیے بہت بڑا نقصان ہے اور وہ پاکستانی قوم کے جذبات کا اظہار کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان اور عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔ مرحوم شیخ خلیفہ بن زید النہیان کی پاکستان کے لیے خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
اس موقع پر انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو مزید بہتر اور مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزابی نے تعزیتی دورے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا۔