مظفر آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر محمد مسعود خان سے وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ملاقات کی ۔ ملاقات میںلائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کی گئی ۔ صدر و وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر نے بھارتی گولہ باری سے شہید ہونے والے نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر اور پاکستان کے غیور اور بہاد ر عوا م مسلح افواج پاکستان کے شانہ بشانہ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں ۔ اس موقع پر صدر و وزیر اعظم آزاد کشمیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہندوستان کے انتہاءپسند حکمرانوں کی کسی بھی مہم جوئی کا دندان شکن جواب ملے گا۔ ملاقات میں صدر آزادکشمیر محمد مسعود خان نے وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان کو اپنے دورہ امریکہ ،او آئی سی وزراءخارجہ اور کشمیر رابطہ گروپس کے اجلاسوں سے خطاب اور وہاں ہونے والی اہم ملاقاتوںکی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔