
اسلام آباد ۔ 07 فروری (اے پی پی)صدرمملکت ممنون حسین نے دکھی انسانیت کی خدمت اور اس مقصد کے لئے مالی ایثاراور خیرخواہی کی کوششوں کو منظم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ یہ انفرادی کوششیں اجتماعی کاوشوں میں بدل کر زیادہ بہتر نتائج دے سکیں،خلقِ خدا کی خدمت کے لیے پاکستان میں مالی ایثار کی روایت یقیناً بہت مضبوط ہے اوراس ضمن میں عالمی سطح پر پاکستان کا درجہ بہت بلند ہے۔انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں پاکستان سینٹر فارفلن تھراپی کے زیر اہتمام” انفرادی فلن تھراپی“ رپورٹ کی تقریبِ اجرا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔صدرممنون حسین نے کہا کہ معاشرے میں فلاحی اور تعمیری سرگرمیوں کا سلسلہ اسی صورت میں پروان چڑھ سکتا ہے، اگر اس معاملے میں ریاست اور نجی شعبہ ایک دوسرے پر اعتماد کریں اور ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرےں۔انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ اگر عوام اس ضمن میں اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے ٹیکس کلچر کو فروغ دیں تو اس کے نتیجے میں سرکاری سطح پر بھی فلاحی سرگرمیاں فروغ پا سکیں گی اور پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب جلد شرمندہ تعبیر ہو سکے گا۔