اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی وثقافتی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ مفاد کے لئے تجارتی تعلقات، کاروباری تعاون اور عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کوبنگلہ دیش میں پاکستانی ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ساتھ تجارتی وثقافتی تعلقات مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے،پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کی بہت قدر کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سیکرٹری خارجہ کی سطح پر سیاسی مشاورت اور مشترکہ اقتصادی کمیشن سے تعاون کو وسعت دینا چاہتا ہے، پاکستانی ہائی کمشنر بنگلہ دیش کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتر بنانے کے لئے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفاد کیلئے تجارتی تعلقات ، کاروباری تعاون اور عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت ہے،دو طرفہ ثقافتی اور سیاسی تبادلوں کے ساتھ کھیل کے میدان میں تعاون بڑھانے کی بھی ضرورت ہے۔