اسلام آباد ۔ 30 جنوری (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاہے کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں آزاد میڈیا کا اہم کردار ہوتا ہے۔ میڈیا کی آزادی اور خود مختاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ صدر مملکت نے یہ بات بدھ کو یہاں آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی ( اے پی این ایس) اورپاکستان براڈکاسٹرزایسوسی ایشن ( پی بی اے) کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدریفواد حسین اور سیکریٹری اطلاعات بھی موجود تھے۔صدر مملکت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اے پی این ایس اور پی بی اے پبلک سروس پیغامات کو میڈیا میں خاطر خواہ جگہ دیں اور صحت، آبادی، تعلیم، خواتین کے حقوق اور پانی جیسے اہم قومی مسائل کو اجاگر کیا جائے۔صدرمملکت نے کہاکہ سیاحت کے فروغ کے لیے پاکستانی ثقافتکی تشہیر کی جائے اور ان موضوعات کو ٹاک شوز کے دوران بھی زیر بحث لایا جائے۔ صدرنے کہاکہ عوامی پیغامات کی سب سے زیادہ تشہیر کرنے والے چینلز کو خصوصی انعام سے نوازا جائے گا۔ صدرنے کہاکہ میڈیا ریاست کے اہم ستون کی حیثیت اختیار کر چکا ہے،کسی بھی ملک کی ترقی میں آزاد میڈیا کا اہم کردار ہوتا ہے، میڈیا کی آزادی اور خود مختاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں نئے مواقع ابھر رہے ہیں اور میڈیا کو انہیں عوام اور دنیا کے سامنے لانا ہو گا۔