اسلام آباد ۔ 5 اکتوبر (اے پی پی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں، اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر قومی ترقی کیلئے خدمات پر انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ صدر مملکت نے اپنی ساتویں کلاس کی ٹیچر کو ٹیلی فون کرکے اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر ان کیلئے نیک خواہشات اور درازی عمر کیلئے دعا کی۔ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں پوری قوم کی طرف سے اساتذہ کی قومی ترقی کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اساتذہ قوم کے معمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قوم اساتذہ کی خدمات کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتی۔ اساتذہ کے عالمی دن کے موقع پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی ساتویں کلاس کی ٹیچر درشمیم مشرف کو ٹیلی فون کیا اور ان کی نمایاں خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنی ٹیچر کیلئے نیک خواہشات اور ان کی طویل صحت مند زندگی کیلئے دعا کی۔