کراچی ۔ 17 مارچ (اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عالمی رہنماؤں کواپنی تقریروں میں الفاظ کے انتخاب میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ مسلمانوں کے خلاف نفرت سے عالمی امن حاصل نہیں ہوسکتاہے۔اتوار کو نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے اہل خانہ کے گھر آمد کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ نفرت کی آگ کو کم کرنے میں کافی وقت لگے گا اور اس طرح کے ایشوز آسانی سے حل ہونے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ حملہ اسلام فوبیا کا نتیجہ ہے جسے پوری دنیا میں پیدا کیا گیا ہے۔دریں اثناء صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی اتوار کو نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعہ میں شہید ہونے والے پاکستانیوں سید اریب احمد اور شہید ذیشان احمد کے گھروں میں گئے اورشہداء کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا۔ صدر مملکت نے اریب احمد شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کیا، صدر مملکت نے شہید ذیشان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی ۔ ذیشان احمد ان کے والد غلام حسین اور وا لدہ کرم بی بی کرائسٹ چرچ میں مسجد پر دہشت گرد حملے میں شہیدہوگئے تھے۔ صدر مملکت نے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی اور ان کی بلندی درجات کے لیے دعاکی ۔ صدر نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں ذیشان احمد کے خاندان کے ساتھ ہیں۔