
کراچی ۔ 26 جنوری(اے پی پی)صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ ٹیکنالوجی کی دنیاءمیں تیزی سے وقوع پذیر ہونے والی تبدیلیوں کو ممنوعہ اشیاءاورمنشیات کی تجارت کے خاتمے کے لیے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے یہ بات ہفتے کو کسٹم ہاﺅس میں کسٹم کے حوالے سے بین الاقوامی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے ممنوعہ اشیاءکے بہاﺅ کو روکنے کیلئے محکمہ کسٹم کی کارگردگی کوسراہتے ہوئے کسٹم حکام پرزوردیا کہ وہ بدعنوانی پر نظررکھنے کے ساتھ ساتھ قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔صدرنے کہاکہ آنے والے چند برس بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہیں، حکومت نے ویزہ پابندیوں میں نرمی کی ہے جس سے دیگر ممالک سے پاکستان آنے والے لوگوں اورسیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا، اس تناظر میں آنے والے چند سال ایک بڑی تبدیلی لائیں گے۔ صدر مملکت نے ملک میں امن کے قیام اورملکی سرحدوں کو محفوظ بنانے کے ضمن میں مسلح افواج اورقانوں نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ یورپ بھر اورامریکا میں بھی منشیات اورممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ کاسلسلہ جاری ہے۔انہوں نے محکمہ کسٹم کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیکنالوجی اورطریقہ کار میں بہتری لانے سے تبدیلی رونماءہوگی، سافٹ ویئرکی جدید ٹیکنالوجی سے بہت سی چیزیں بہتر ہورہی ہیں ، محکمہ کسٹم کو اس ضمن میں جدید ٹیکنالوجی میں پیش رفت سے استفادہ کو یقینی بنانا ہوگا تاکہ استعداد کارمیں مزید بہتری لائی جاسکے۔صدر نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے روزمرہ زندگی پر واضح اثرات کا کوئی تصورنہیں کرسکتا تھا، دنیاءبھر میں بڑے بڑے سودے الیکٹرانک ذرائع سے ہورہے ہیں ، ضرورت اس امرکی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کواستعمال میں لاتے ہوئے استعداد کارمیں بہتری لائی جائے۔