صرف باتوں سے پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ،عملی اقدامات کی ضرورت ہے، کمشنر سکھر

85

سکھر۔ 30 جنوری (اے پی پی):کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے سے متعلق ڈویژنل ٹاسک فورس کا اجلاس منعقد ہوا ۔ کمشنر سکھر نے کہا ہے کہ انتظامیہ پولیو کے خاتمے کے لئے پرعزم اور متحرک ہے۔ تاہم پوری مشینری فیلڈ میں ہونے کے باوجود ماحولیاتی نمونوں کے مثبت آنے کا مطلب خامیاں موجود ہیں، جنہیں درست کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لئے عملی کام کرنے کی ضرورت ہے، صرف باتوں سے پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ فیاض حسین عباسی نے کہا کہ پولیو ٹیموں کی پوری توجہ انکاری کیسز پر ہے، جو بچے مختلف وجوہات کی بنا پر گھروں میں موجود نہیں ہوتے ، اس طرف توجہ نہیں دی جا رہی۔ صرف سکھر ضلع میں اس وقت تک 3620 بچوں کے موجود نہ ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

کمشنر سکھر نے کہا کہ روٹین امیونائیزیشن کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اگر 100 فیصد بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنانا ہے تو ٹیموں کو مسلسل والدین سے رابطے میں رہنا ہوگا۔ کمشنر سکھر نے کہا کہ کم کارکردگی دکھانے والی یونین کونسلوں پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پولیس کو ہدایت دی کہ پولیو کے خاتمے کے فرنٹ لائن ورکروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سکھر فیصل عبداللہ چاچڑ نے کہا کہ پورے ڈویژن کے لئے 4563 پولیس نفری پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کے لئے تعینات کیا گیا ہے ، ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر کا پولیو مہم کے دوران مشترکہ دورہ بہترین عمل ہے۔ ڈی آئی جی پولیس سکھر نے ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ پولیس اہلکار وقت سے پہلے ڈیوٹی پوائنٹ نہ چھوڑیں، اجلاس میں سکھر، گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو، ڈاکٹر سید محمد علی شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون خیرپور سید کبیر شاہ، سکھر، خیرپور، گھوٹکی کے ایس ایس پیز سمیت، پی پی ایچ آئی، صحت کے عالمی ادارے کے نمائندوں اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔