صفائی ستھرائی بارے عوامی شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی مہم کا انعقاد

87

راولپنڈی۔ 17 فروری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت راولپنڈی میں صفائی اور آگاہی کے حوالے سے سرگرمیاں جاری ہیں، جن میں صفائی کے حوالے سے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہم کے دوران ٹیم نے دکانداروں اور خریداروں کو ستھرا پنجاب پروگرام کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اب دیہی علاقے بھی شہروں کی طرح صاف ستھرے بنائے جا رہے ہیں۔

پورے راولپنڈی ڈویژن میں زیرو ویسٹ آپریشن جاری ہے، جس کا مقصد صفائی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنانا اور عوام کو صاف ماحول فراہم کرنا ہے،آگاہی مہم کے دوران شہریوں سے اپیل کی گئی کہ وہ صفائی کی کوششوں میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ شہریوں کو یہ ترغیب دی گئی کہ وہ صفائی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری نبھائیں اور کچرا جگہ جگہ پھینکنے کے بجائے مقررہ جگہوں پر ڈالیں۔ صفائی کے حوالے سے کسی بھی شکایت کے اندراج کے لیے شہری ہیلپ لائن 1139 ،ستھرا پنجاب شہری ایپ،راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پررابطہ کرسکتے ہیں۔