صنعتی تحقیق کے فروغ کےلئے تعلیمی و صنعتی اداروں کے روابط میں اضافہ ضروری ہے، صوبائی وزیر محمود الرشید

126

لاہور۔3 اپریل (اے پی پی )وزیر ہاﺅسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ صنعتی تحقیق کے فروغ کےلئے تعلیمی اور صنعتی اداروں کے باہمی روابط میں اضافہ ضروری ہے۔” انڈسٹریل اینڈ کیریئر فیئر“ طلبا اور صنعتی اداروں کے روابط کے فروغ کا ایک ایسا اہم پلیٹ فارم ہے جو انہیں مستقبل کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس،انٹرن شپ کے مواقع اور طلبہ کےلئے متوقع ملازمتوں کے مواقع فراہم کرتا ہے۔وہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ای ٹی) لاہور میں منعقدہ ”انڈسٹریل اوپن ہاﺅس اینڈ کیرئیرفیئر“ کی افتتاحی تقریب کے موقع پراظہار خیال کر رہے تھے۔وائس چانسلر یو ای ٹی پروفیسر ڈاکٹر عزیز اکبر،فیکلٹی ممبران،طلبا وطالبات اور صنعتی اداروںکے نمائندوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔میاں محمود الرشید نے فائنل پراجیکٹس کی احسن انداز میں نمائش کرنے پر یو ای ٹی کے طلبا وطالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹ انہیںاپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں اور انہیں ان سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں خصوصا طلبہ کی فلاح وبہبود اور انہیں ترقی کے بھرپور مواقع کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے اور اس ضمن میں ایک جامع پالیسی پر عمل پیرا ہے۔انڈسٹریل اینڈ کیرئیر فیئر کے دوران یو ای ٹی کے طالب علموں نے اپنے فائنل پراجیکٹس جبکہ صنعتی اداروں نے اپنی مصنوعات کو متعارف کرانے کے سٹالز قائم کئے تھے۔بعدازاں میاں محمود الرشید نے وی سی یو ای ٹی ڈاکٹر عزیز اکبر اور دیگر فیکلٹی ممبرز کے ہمراہ ان سٹالز کا دورہ کیا۔