صنفی مساوات اور غربت میں کمی اولین ترجیح ہے، جواد سہراب ملک کی برطانوی دارالامراء کی رکن سعیدہ وارثی سے گفتگو

250
صدر فیصل آباد چیمبر

اسلام آباد۔25اپریل (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد جواد سہراب ملک سے برطانوی دارالامراء کی رکن اور برطانیہ کی کنزرویٹو پارٹی کی سابق شریک چیئرپرسن سعیدہ وارثی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے عوامی مفاد کی خدمت اور انسانیت کی بہتری کیلئے فلاحی کاموں کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے اسلام آباد میں اپنی رہائش گاہ پر سعیدہ وارثی کے اعزاز میں استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں انہوں نے خیراتی اقدامات کے اثرات کو بڑھانے اور موثر طریقے سے کمیونٹی کی ضروریات کو پورا کرنے کے مزید طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے عوام کو ہر سطح پر یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے خیالات، اہداف اور وژن کا تبادلہ بھی کیا۔ یہ ملاقات دونوں معززین کیلئے مساوات کو فروغ دینے اور عوامی مفاد کی خدمت کیلئے اپنے مشترکہ عزم پر تبادلہ خیال کرنے کا ایک موقع تھا۔ جواد سہراب ملک کا تعلق بھی گوجر خان سے ہے جو سہراب فائونڈیشن کے نام سے ایک خیراتی ادارہ بھی چلاتے ہیں۔ استقبالیہ کے دوران انہوں نے سعیدہ وارثی کی گوجر خان ضلع میں فلاحی کاموں کی تعریف کی، جہاں وہ غربت کے خاتمے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے ذریعے لڑکیوں کی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے کام کر رہی ہیں۔

دونوں نے اس طرح کی کوششوں کی اہمیت اور پسماندہ کمیونٹیز کو ترقی دینے کے اقدامات کی حمایت جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ سعیدہ وارثی گوجر خان کے ایک انسان دوست دورے پر پاکستان میں ہیں جہاں وہ گوجر خان کے گائوں بیول میں قائم ایک چیریٹی فائونڈیشن چلا رہی ہیں جس کا مقصد کمیونٹی کی ترقی اور سماجی بہبود کو فروغ دینے کیلئے مختلف فلاحی اقدامات کی حمایت کرنا ہے۔