لاہور۔2جولائی (اے پی پی):پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 26-2025کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے پہلے اجلاس میں مختلف سیکٹرز کی ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 19ارب 56کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔ فنڈز کی منظوری صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کے رواں سال کے پہلے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی ایند ڈی بورڈ ڈاکٹر نعیم روف نے کی۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹ ، آبپاشی ، سکل ڈویلپمنٹ اور انرجی سیکٹر ز کی مختلف ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی جن میں ٹھوکر نیاز بیگ لاہور پر بس ڈپو کے قیام کے لیے 8ارب9کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری
لاہور ریلوے اسٹیشن پر بس ڈپو کے قیام کے لیے ایک ارب 62کروڑ روپے ، مختلف انٹرنیشنل ٹریننگ پروگرام کے آغاز کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے ایک کروڑ 59لاکھ، منٹگمری پاک پتن لنک کنال کے لیے ایک ارب 26 کروڑ ،ضلع سیالکوٹ، نارووال اور گوجرانوالہ میں نالوں کی فلڈ مینجمنٹ کی فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے 6کروڑ 48لاکھ ، توانائی کی کارکردگی اور تحفظ پروگرام کے لیے 8ارب 50کروڑ ، فیصل آباد ، گوجرانولہ اور لاہور میں ماس ٹرانزٹ منصوبوں کی فیزیبلٹی سٹڈی کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی ۔اجلاس میں سیکرٹری پی اینڈ ڈی بورڈ رفاقت علی ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ ،چیف اکانومسٹ مسعود انور،ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ اور متعلقہ سیکٹرز کے افسران بھی شریک ہوئے۔