صوبائی حقوق کا حصول،امن کا فروغ اور صوبہ میں نوجوانوں اور خواتین کی معاشی ترقی کےلیے کردار ادا کرنا ترجیحات میں شامل ہے، فیصل کریم کنڈی

116
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے دورہ آزاد کشمیر کے موقع پر باغ میں انکے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبائی حقوق کا حصول ، امن کا فروغ اور صوبہ میں نوجوانوں اور خواتین کی معاشی ترقی کےلیے کردار ادا کرنا ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے راہنما سابق رکن قومی اسمبلی عثمان خاں ترکئی کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں صوابی کی سیاسی و سماجی شخصیات بلند خان ترکئی اور جلال خان ترکئی بھی شامل تھے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہر فورم پر صوبہ کے وکیل کا کردار ادا کرونگا، صوبہ کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوابی اور دیگر اضلاع کے عوام کو درپیش سنگین مسائل کا بھرپور ادراک ہے اس ضمن میں صوابی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہرممکن تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے وفد کی درخواست پر صوابی ایکشن کمیٹی کے وفد سے ملاقات کی دعوت بھی قبول کی۔ وفد کے سربراہ عثمان خان ترکئی اور دیگر ممبران نے صوبائی حقوق سے متعلق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے کردار اور کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ایک مناسب بہترین قائدانہ صلاحیتوں کے حامل شخص کو گورنر خیبرپختونخوا کے آئینی منصب پر فائز کیا جو لائق ستائش ہے ۔انہوں نے اس موقع پر صوابی ایکشن کمیٹی کے وفد کی ملاقات کےلیے فوری وقت دینے پر گورنر فیصل کریم کنڈی کا شکریہ ادا کیا۔