پشاور۔ 26 اگست (اے پی پی):سیٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ کے تحت صوبائی دارالحکومت سمیت پانچ بڑے شہروں پشاور، مردان، ایبٹ آباد، سوات اور ڈیرہ اسماعیل خان میں تمام ٹیوب ویل خودکار سکاڈا نظام سے منسلک کیاجا رہا ہے جس کے بعد ٹیوب ویل آپریٹرز کی ضرورت نہیں ہو گی۔
سیٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ حکام کے مطابق گھروں تک صارفین کو صاف اور شفاف پانی مہیا ہوگا اور ٹیوب ویلوں میں نقائص کا بھی فوری پتہ چلے گا، اسی طرح ان شہروں میں کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے اور سالڈ ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ سکیمیں بھی مکمل کی جا رہی ہیں جس کے تحت کوڑا کرکٹ کو گھروں، گلی کوچوں اور بازاروں سے اٹھا کر انہیں صاف ستھرا بنایا جائے گا جبکہ اس سالڈ ویسٹ سے کھاد اور دیگر کارآمد اشیاء تیار کی جائیگی۔
سیٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ حکام کے مطابق سوات میں مینگورہ شہر کے آبنوشی کا گھمبیر مسئلہ گریوٹی سکیم کے تحت حل کیا جا رہا ہے جس کے تحت دریا کا پانی صاف کر کے شہر منتقل کیا جائے گا، اسی طرح کی سکیم آیبٹ آباد شہر کیلئے بھی شروع کی گئی ہے جس کے تحت گلیات چونا کاری سے صاف پانی صارفین کو پہنچایا جائے گا۔
سیٹیز امپروومنٹ پراجیکٹ حکام کے مطابق گرین پلیس سکیم کے تحت ان پانچ شہروں میں وسیع بنجر اور بیکار اراضی کو سرسبز و شاداب پارکوں میں بدلا جا رہا ہے، پشاور میں حیات آباد باغ ناران سے ملحقہ خوڑ کے اطراف اور فیز سیون میں وسیع بے آب و گیاہ رقبے کو پارکوں میں بدلا جا رہا ہے جس سے ان علاقوں کی خوبصورتی اور شہر کی ماحولیاتی بہتری میں اضافہ ہوگا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=382710