
لاہور۔21مارچ(اے پی پی )صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے کہا ہے کہ میڈیا کو سچائی اور ذمہ داری کا دامن کسی حال میں نہیں چھوڑنا چاہیے۔ صحافیوں کو مکمل تحقیق کے بعد ہی اخلاقیات کے دائرے میں رہتے ہوئے خبر دینی چاہیے۔ حجاج کرام کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی حکومت اور پرائیویٹ آپریٹرز دونوں کی یکساں ذمہ دار ی ہے تاہم اِن سہولیات کے حوالے سے حجاج کرام کی واپسی کے بعد میڈیا میں چھپنے والی خبروں سے ہی اصل صورتحال کا اندازہ ہو سکے گا۔ ڈالر کی قیمت بڑھنے سے حج کے اخراجات میں اضافے کے ساتھ حجاج کرام کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لےے حکومت پورے خلوص سے کوشاں ہے۔ صوبائی وزیر نے اِن خیالات کا اظہار مقامی ہوٹل میں وزارتِ مذہبی امور کے زیر اہتمام منعقدہ میڈیا آگہی ورکشاپ کے شرکاءصحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اِ س موقع پر محکمہ مذہبی امور کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ تقریب کے اختتام پر شریک صحافیوں میں صوبائی وزیر نے اسناد تقسیم کیں۔شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حج کے دوران اللہ کے مہمانوں کو خیال رکھنا محکمے کے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ کی طرف سے متعارف کرائی جانے والی ایپ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانے کے لےے حجاج کرام کے گروپ لیڈرز کو پڑھا لکھا اور سوشل میڈیا کے استعمال سے آگاہ ہونا ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں نجی شعبے میں منظور نظر افراد کو حج کوٹے دئےے جاتے تھے لیکن موجودہ حکومت میں اس نظام کو شفاف اور کرپشن سے پاک کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر نے میڈیا پر زور دیا کہ وہ سسٹم پر تنقید کے ساتھ ساتھ اچھی کارکردگی دکھانے والے افراد اور اداروں کا بھی اچھے الفاظ میں ذکر کریں یہ اُن کا میڈیا پر حق ہے۔