صوبائی وزیر اقلیتی امور اور سیکرٹری داخلہ کا گردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کا جائزہ

118

ننکانہ صاحب۔ 06 نومبر (اے پی پی):بابا گرو نانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کے سیکیورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے ننکانہ صاحب کا دورہ کیا۔ انہوں نے گردوارہ جنم استھان میں سکھ یاتریوں کیلئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے شہر اور گردوارہ کے داخلی خارجی راستوں اور اہم مقامات پر جا کر ہدایات دیں۔ ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائواور ڈی پی او سید ندیم عباس نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔

اس دوران صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے ’’ اے پی پی‘‘ سے خصوصی طور پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بابا گرو نانک کے 555ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے سکھ یاتری 13 تا 16 نومبر ننکانہ صاحب میں ہونگے جس کے بعد یاتری فاروق آباد شیخوپورہ، حسن ابدال، کرتار پور، ایمن آباد اور لاہور کا دورہ بھی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے 60 ہزار سے زائد سکھ یاتری جنم دن تقریبات میں شرکت کریں گے۔

اس موقع کیلئے ایسے انتظامات کیے ہیں کہ یاتری واپسی پر پاکستان ذندہ باد کا نعرہ لگائیں گے۔ سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مہمان نوازی پاکستانیوں کی پہچان ہے اور اس بار بھی اپنے مہمانوں کی بھرپور مہمان نوازی کریں گے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ننکانہ صاحب کیلئے 20 سال کا ماسٹر پلان بنا رہے ہیں تاکہ دنیا بھر سے آنے والے یاتریوں کیلئے بہترین رہائش و دیگر انتظامات ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گردوارہ جنم استھان میں اضافی کرنسی ایکسچینج اور پی سی او بوتھ بنائیں جائیں تاکہ سنگت کو سہولت ہو سکے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی یاتریوں کے کھانے اور لنگر کے معیار کی چیکنگ یقینی بنائے۔ کمشنر لاہور زید بن مقصود، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل، ڈی سی تسلیم اختر رائو، ڈی پی او سید ندیم عباس اور سکیورٹی اداروں کے نمائندگان بھی اس موقع پر ہمراہ تھے۔