لاہور۔17مارچ (اے پی پی):وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاوس لاہور میں اعلی سطح کے اجلاس کا انعقاد ہو ا۔ا جلاس میں وزیر اعلی پنجاب زیادہ گندم اگاو پروگرام کے تحت منعقد ہونے والی تقریب کیلئے انتظامات کاجائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعلی پنجاب کے آئندہ بجٹ میں کسانوں کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کی تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر وزیر زراعت نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب زیادہ گندم اگائو پروگرام کے تحت 57733درخواستیں وصول ہوئیں۔تصدیق کے بعد 21496درخواست کنندگان کو اہل قرار دیا گیا۔اس پروگرام کے تحت 50ہارس پاور کے ٹریکٹرز 12.5ایکڑ سے زیادہ گندم کاشت کرنے والوں کوبذریعہ شفاف قرعہ اندازی فراہم کئے جائیں گے۔
قرعہ اندازی کی تقریب وزیر اعلی پنجاب کی سرپرستی میں منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت شعبہ زراعت توسیع نے5لاکھ 60ہزار ایکڑ رقبے پر گندم کی کاشت کی تصدیق کر لی ہے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلی پنجاب صوبہ میں زرعی میکانائزیشن کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔ اس مقصد کے حصول کیلئے آئندہ دو سالوں میں 35ارب روپے کی فنانسنگ کی جائے گی۔ کسانوں /سروس پروائیڈرز کو 5 کروڑ روپے تک کا بلا سود زرعی قرضہ بینکوں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔اس پروگرام کے تحت چھوٹے سروس پروائیڈرز مستفید ہوں گے۔دو سالوں میں ایک ہزار ہائی ٹیک مشینر ی کیلئے بلا سودزرعی قرضے دئیے جائیں گے۔
یہ مشینری پروگرام گندم،دھان،باغات اور مکئی کی فصل کی پیداوار کو بڑھانے میں مددگار ثابت ہو گی۔ اس پروگرام کو آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر لانچ کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کسان کارڈ کے پہلے فیز میں اب تک 5لاکھ 39ہزار کارڈ کاشتکارمستفید ہو چکے ہیں۔کسان کارڈ کے دوسرے فیز میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے 25ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو شامل کیا جائے گا۔اس کے علاوہ کسان کارڈ کے تحت فی ایکڑ قرض کی حد میں اضافہ کرکے 40ہزار روپے رکھی جائے گی اور پروسیسنگ فیس کو بھی کم کیا جائے گا۔وزیر اعلی پنجاب کسان کارڈ کیلئے دوسرے مرحلہ کے دوران75 ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی جائے گی۔اس کے علاوہ کسان کارڈ کے ذریعے دیگر زرعی مداخل کی خرید کے ساتھ ڈیزل کی خریداری بھی ممکن بنائی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام فیز ون کے تحت 9000 کسانوں کو ٹریکٹرز ڈلیور ہو چکے ہیں۔گرین ٹریکٹر فیز ٹو پروگرام کیلئے اگلے مالی سال میں 60ہارس پاور سے 85ہارس پاور کے 9500ٹریکٹرز کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔وزیر اعلی پنجاب سولرائزیشن آف زرعی ٹیوب ویلز پروگرام کے تحت وزیراعلی پنجاب کی جانب سے ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے 8ہزار کسانوں کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری کر دیے گئے ہیں۔اس ضمن میں 12سروس اینڈ سپلائیز کمپنیاں آن بورڈ ہیں۔ پنجاب میں 4 ماڈل ایگریکلچر مالز کا 80فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو گیا ہے۔
حکومت پنجاب کا اگلے مالی سال کے بجٹ میں 10ماڈل ایگریکلچر مالز تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔ اگلے مالی سال کے بجٹ میں 2ہزار زرعی گریجویٹس کو انٹرن شپ پر بھرتی کیا جائے گا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ زراعت کے شعبہ میں جدید مشینری کے استعمال کے بغیر پیداواری اہداف کا حصول ممکن نہیں ہے۔وزیر اعلی پنجاب ہائی ٹیک میکناائزیشن پروگرام کے تحت 10اقسام کی مشینری سروس پروائیڈرز کے ذریعے کرایہ پر فراہم کی جائے گی۔ اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں،چوہدری عبدالحمید اور بنک آف پنجاب کے نمائندوں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573637