14.9 C
Islamabad
جمعہ, مارچ 14, 2025
ہومزرعی خبریںصوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر...

صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت اجلاس

- Advertisement -

ملتان ۔ 12 مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی زیر صدارت ایگریکلچر ہاؤس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بجٹ 2025-26کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کے زرعی شعبہ کی ترقی کے منصوبوں سے متعلق تجاویز کو حتمی شکل دی گئی۔

بدھ کو منعقدہ اجلاس میں ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت وزیر اعلی پنجاب ہائی ٹیک میکانائزیشن بینک فنانسنگ پروگرام ودیگر منصوبوں بارے غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ میں زرعی میکانائزیشن کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں، زرعی میکانائزیشن کے فروغ کیلئے آئندہ دو سال میں 35ارب روپے کی فنانسنگ کی جائے گی۔

- Advertisement -

اس پروگرام کے تحت کسانوں / سروس پروائیڈرز کو 5 کروڑ روپے تک کا بلا سود قرضہ بینکوں کے ذریعے فراہم کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت ایسے چھوٹے سروس پروائیڈرز جن کے پاس دو یا تین پرانی زرعی مشینیں ہوں گی انھیں ایک نئی مشین دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے فیلڈ ونگ(محکمہ زراعت) کو ڈویژن کی سطح پر سروس پروائیڈرز کے ساتھ رابطہ کرکے انہیں اس پروگرام کی افادیت اور اس سے مستفید ہونے سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس پروگرام کو اگلے مالی سال کے بجٹ میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر لانچ کیا جائے گا۔ اجلاس میں وزیر زراعت پنجاب نے صوبہ میں تمام مشینیں فراہم کرنے والے ڈیلرز کو رجسٹرڈ کرنے کی بھی ہدایات دیں۔ انھوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے دوسرے مرحلہ میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے 25ایکڑ تک اراضی رکھنے والے کاشتکاروں کو شامل کیا جائے گا اور فی ایکڑ قرض کی حد میں اضافہ کرکے 40ہزار روپے رکھی جائے گی اور پروسیسنگ فیس کو بھی کم کیا جائے گا ۔

اجلاس میں اسپشل سیکرٹری زراعت آغا نبیل اختر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ) کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرلز زراعت نوید عصمت کاہلوں،چوہدری عبدالحمید اور بنک آف پنجاب کے نمائندوں سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=571544

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں