31.6 C
Islamabad
پیر, اپریل 21, 2025
ہومعلاقائی خبریںصوبائی وزیر صحت کا ملتان کا دورہ، فہد ٹائون میں کنٹینر دھماکے...

صوبائی وزیر صحت کا ملتان کا دورہ، فہد ٹائون میں کنٹینر دھماکے کے متاثرین کی عیادت کی

- Advertisement -

لاہور۔28جنوری (اے پی پی):وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فہد ٹائون میں کنٹینر دھماکے کے واقعہ کے سلسلہ میں ملتان کا دورہ کیا۔سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عظمت محمود بھی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ تھے۔

صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت نے حادثے کے متاثرین کی عیادت کی اور ہسپتال انتظامیہ سے بریفنگ لی۔کمشنر عامر کریم خاں نے حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں اور علاج و معالجہ پر بریفنگ بھی دی۔خواجہ سلمان رفیق نے دھماکہ زخمیوں کے لواحقین سے ملاقات بھی کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔خواجہ سلمان رفیق نے ملتان برن یونٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پنجاب حادثے کے متاثرین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔وزیر اعلی نے ملتان دھماکے کے جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے 20 لاکھ روپے , زخمیوں کیلئے بھی 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ انسانی جان انمول ہے اس لئے متاثرین کی بحالی کی ادنی کوشش ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر واقعہ کی مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

- Advertisement -

غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ میں ملوث ملزمان کو ہر قیمت پر کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ افسوسناک حادثے میں 6 ہلاکتیں اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ وزیر اعلی پنجاب نے تمام متاثرین کی فوری بحالی کے احکامات جاری کئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ برن یونٹ میں زیر علاج مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کی ہر ممکن کفالت کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔صوبائی سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمودنے کہاکہ محکمہ صحت حادثے کے زخمیوں کی مکمل دیکھ بھال کررہا ہے۔

واقعہ کے بعد تمام ملحقہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور مریضوں کے علاج و معالجہ کیلئے تمام تر طبی سہولیات میسر ہیں۔ کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے کہاکہ انتظامیہ نے حادثے کے فوری بعد مریضوں کو طبی امداد فراہم کی۔ حادثے کے متاثرین اور لواحقین کیلئے قیام و طعام کی بھی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ جائے حادثے پر تمام حفاظتی سروے مکمل ہے اور لواحقین کیلئے شیلٹر فراہم کردیئے گئے ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=552948

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں